کراچی ( کامرس رپورٹر ) بین الاقوامی تجارتی حلقوں میں پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی کے ساتھ خرم طارق سعید، سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی کو میلبورن، آسٹریلیا، میں منعقدہ 36ویں CACCI کانفرنس میں کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (CACCI) کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ CACCI کا اتحاد 27 ممالک پر مشتمل دنیا کے سب سے بااثر تجارتی اتحادوں میں سے ایک ہے۔ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر سلیمان چاولہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے ایک ممتاز، فعال اور سینئر ممبر کو یہ اعزاز اور ذمہ داری دی گئی ہے۔ یہ ایک قومی کامیابی ہے اور پاکستان کی پوری کاروباری، صنعتی اورتا جر برادری کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔سلیمان چاولہ نے بتایا کہ خرم طارق سعید متفقہ طور پر منتخب ہوئے ہیں اور کو ئی بھی پاکستانی 8 سال بعد CACCI کے نائب صدر منتخب ہواہے۔ مزید برآں، وہ اپنے والد مرحوم طا رق سعید جو کہ ایک معروف کا روباری و تا جر رہنما تھے کے بعد CACCI کے نائب صدر منتخب ہونے والے صرف دوسرے پاکستانی ہیں۔واضح رہے کہ مرحوم طارق سعید CACCI کے نائب صدر منتخب ہو نے والے پہلے پاکستانی تھے اور وہ 2010 میں منتخب ہو ئے تھے۔CACCI، جو 1965 میں قائم ہوئی، ایک طاقتور اور بااثر غیر سرکاری تنظیم ہے؛جو کہ بنیادی طور پر ایشیا اور مغربی بحرالکاہل یعنی ویسٹرن پیسیفک کے ملکوں کے مابین قائم قومی چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الائنس پر مشتمل ہے اور اسے اقوام متحدہ نے مشاورتی چیمبر کا درجہ دیا ہے؛ کیونکہ CACCI کا مقصد 27ممالک کی معیشتوں کو جوڑنا اور فروغ دینا ہے۔