اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کی جانب سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق انگلش کپتان بین اسٹوکس نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی اپنی مکمل میچ فیس کی رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔بین اسٹوکس نے کہا کہ اس سال کے شروع میں پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کی اپنی تمام میچ فیس سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرنے کے اس اقدام کو سراہتے ہیں، دکھی انسانیت کے ساتھ ہمدردی سب سے افضل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بین اسٹوکس کا یہ جذبہ برطانیہ کی عظیم انسان دوستی کی روایت کا مظہر ہے۔خیال رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچی ،انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچز کی سیریز یکم دسمبر سے شروع ہوگی۔