اسلام آبا د(نمائندہ خصوصی )ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر (آج)29نومبر کو وفد کے ہمراہ کابل کا ایک روزہ دورہ کریں گی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت حنا ربانی کھر کابل میں افغان عبوری حکومت سے سیاسی مذاکرات کریں گی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر مملکت حنا ربانی کھر دوطرفہ تعلقات سمیت تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گی۔ترجمان کے مطابق وزیر مملکت افغانستان میں امن اور خوشحالی کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور حمایت کا بھی اعادہ کریں گی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کے دوست اور پڑوسی کے طور پر پاکستان افغانستان کے عوام کے ساتھ اپنی مستقل یکجہتی کا اعادہ کرے گا۔