اسلام آباد (۵نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہبازشریف سے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے الوداعی ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم نے جنرل قمرجاوید باجوہ کی پاک فوج، ملکی دفاع اور قومی مفادات کیلئے خدمات کو سراہا۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ فیٹف،کورونا، سیلاب اورمختلف بحرانوں میں جنرل قمرجاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے مثالی خدمات انجام دیں۔ان کا کہنا تھاکہ دہشتگردی کے عفریت کو کچلنے کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے شجاعت وبہادری سے کردار ادا کیا، انہوں نےتاریخ کےایک مشکل مرحلے پر پاک آرمی کی قیادت کی اور دفاع پاکستان ناقابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ جنرل قمرجاویدباجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا۔انہوں نے جیو اکنامکس کی اہمیت سے متعلق جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرکے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو میں کہا کہ آپ کو دنیا کی بہترین آرمی کی قیادت کا باعث فخراعزاز حاصل ہوا.آرمی چیف جنرل نے قومی امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔lوزیراعظم شہباز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کل ریٹائر ہورہے ہیں، پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب کل ہوگی۔ جنرل عاصم منیر پاک فوج کے نئے سربراہ کی حیثیت سے ذمے داریاں سنبھالیں گے