اسلام آباد ( نیٹ نیوز/اے پی پی):وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی میں اقوام متحدہ اور ایجنسیوں کے کردار کی تعریف کی ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولیان ہرنیز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
پاکستان میں عالمی ادارہ خوراک کے کنٹری ڈائریکٹر کرس کائے اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر نے وزیر خزانہ کوپاکستان میں اقوام متحدہ کے مختلف شعبوں میں کام کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پرعالمی ادارہ کیلئے تعاون فراہم کرنے پر پاکستان کی تعریف بھی کی۔
انہوں نے خوراک اورفصلوں کی پیداوارمیں اضافہ،موسمیاتی تبدیلیوں اور تخفیف غربت کیلئے مالیاتی اور تکنیکی امداد کی پیشکش بھی کی۔وزیرخزانہ نے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کا عالمی ادارہ کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان پیس کیپنگ،انسانی حقوق، پناہ گزینوں کے تحفظ اورپائیدار ترقی کے عمل میں اقوام متحدہ کے ساتھ مصروف عمل ہے۔وزیرخزانہ نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اقوام متحدہ اور معاون ایجنسیوں کےکردار کو سراہا۔