کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ بہت جلد کراچی سے جدید ،سستی اور ماحول دوست الیکٹرک ٹیکسی سروس کا آغاز کر رہے ہیں ، جس کو سندھ کے دیگر بڑے شہروں تک توسیع دی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس منصوبے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ، بہت جلد اس کو حتمی شکل دے دی جائے گی ، کیونکہ اوبر اور دیگر ٹیکسی سروس بہت زیادہ مہنگی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو سستی اور آرام دہ ٹیکسی سروس فراہم کریں۔ یہ اعلان انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے کام کا جائزہ لئے جانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہدایات دی ہیں کہ کراچی میں جاری پبلک ٹرانسپورٹ کے تمام پروجیکٹس پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ، تاکہ کراچی کا ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے ، انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ شہریوں تک ان کا حق پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو بہترین ٹرانسپورٹ سروس مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں اربوں روپے کی لاگت سے پبلک ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے ، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے کہ شہر میں بسوں میں اضافہ ہو اور ٹرانسپورٹ کے انفراسٹرکچر میں بہتری لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن پر تیزی سے کام جاری ہے ، جس کے تحت ملیر ہالٹ سے براستہ یونیورسٹی روڈ تا نمائش چورنگی 22 کلومیٹر میٹر کوریڈور بنایا جا رہا ہے ، یہ پاکستان کا پہلا منصوبہ ہے ، جو کہ بایو گیس پر چلایا جائے گا ۔ اس ضمن میں پاکستان کے پہلے بایو گیس پلانٹ کی تعمیر پر کام کا جلد آغاز کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو اعزاز حاصل ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پاکستان میں سب سے پہلے الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا اور اب ماحول دوست بایو گیس پر چلنے والی بی آر ٹی ریڈ لائن پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے اورنج لائن اور پیپلز بس سروس کا آغاز کردیا ہے ۔ جلد الکٹرک بس سروس بھی شروع کر دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے تعاون سے یلو لائن پروجیکٹ کا کام حتمی مراحل میں ہے اور اس کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام بڑے شہروں میں بی آر ٹی سروس سمیت جدید پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام ہے ، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بھی جدید پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام دیں ، جس سے شہریوں کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہوگا ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے بہت پرانا پروجیکٹ ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ کی کوششوں سے اس منصوبہ کو سی پیک منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ سمیت تمام وفاقی اداروں نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ کی اونرشپ لی ہے اور اس کی تعمیر میں تمام اداروں کا بھرپور تعاون حاصل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے کوریڈور میں تمام تجاوزات ہٹائی جائیں گی ۔ کراچی انتظامیہ کو 7 روز میں ریڈ لائن کوریڈور میں آنے والی تمام تجاوزات کو ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ عمران خان کے اسیمبلیوں سے استعفوں پر انہوں نے کہا کہ استعفیٰ کی بات عوام کو بے وقوف بنانے کی سازش ہے، کل عمران خان الیکشن کی تاریخ لینے آئے تھے یا استعفیٰ دینے آئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر استعفے دینے ہیں تو عمران خان ہمت کریں ، استعفوں کا آغاز صدر عارف علوی سے کریں اور آج اتوار کے دن ان سے استعفیٰ دلوائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ساڑھے تین سالہ دورِ حکومت میں عوام کی سہولت کے لئے ایک بھی منصوبہ نہیں دیا ، صرف سیاسی مخالفین کو دبانے میں پورا عرصہ ضائع کردیا ۔ اب وہ چاہتے ہیں کہ موجودہ اتحادی حکومت بھی کوئی کام نہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ون پوائنٹ ایجنڈہ ہے کہ کسی طرح ملک کو نقصان پہنچائے ۔ کل کے جلسہ میں اداروں پر تنقید کی گئی ، یہ عمران خان کا طرز سیاست ہے ، جوکہ پاکستان کے لئے بہتر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ طرز سیاست ان کی ناکامی کا سب سے بڑا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران اتحاد پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور جھموریت کے لئے جدوجہد جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کل کا جلسہ ایک کارنر میٹنگ تھی ، پورے پاکستان سے لوگوں کو بلایا گیا تھا ، لیکن ایک سڑک بھی بھر نہ سکے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں کہ عمران خان سلاخوں کے پیچھے ہوں اور سنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے کمروں کی صفائی ہو رہی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی سمجھدار وزیر اعلیٰ ہیں ، ان کو اقتدار بڑی قسمت سے ملتا ہے ، پرویز الہٰی حادثاتی طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب بنے ہیں ، وہ عمران خان جیسے بے وقوف کے کہنے پر کبھی استعفیٰ نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اپنے ایم این اے اور ایم پی ایز عمران خان سے استعفوں پر اتفاق نہیں کریں گے ۔ عمران خان نے قومی اسیمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کیا ، لیکن کچھ عرصے بعد ان کے لیاری اور جیکب آباد سے منتخب ایم این ایز نے یو ٹرن لیا اور کہا کہ انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اس طرح میدان چھوڑ کر بھاگنے نہیں دیں گے ، اپنی قیادت کے ویژن کے مطابق ان کو بہت جلد خود ہی ہٹائیں گے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے جناح ایونیو پر بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کی تعمیر کے کام کا معائنہ کیا ۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ سی ای او ٹرانس کراچی واصف اجلال نے صوبائی وزیر کو پروجیکٹ کی پروگریس پر تفصیلی بریفنگ دی ۔