اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر )پی اے ایف آفیسرز میس اسلام آباد میں منعقدہ 39ویں چیف آف دی ایئر سٹاف خیبر کپ اوپن ٹینس چیمپئن شپ-2022 کی ٹرافی پاکستانی نمبر ون عقیل خان نے محمد شعیب کو 7-5 اور 6-2 سے شکست دے کر اپنے نام کر لی۔
ائیر مارشل حامد راشد رندھاوا، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (ایڈمنسٹریشن) اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ بوائز انڈر-18 میں کوالیفائر مہاتیر محمد نے ٹاپ سیڈ سمیع زیب کو سنسنی خیز فائنل میں 6-2 اور 6-2 سے شکست دے کرچیمپئن شپ جیت لی۔ انڈر-12 کیٹیگری میں حمزہ علی رضوان نے فائنل میچ میں زوہیب افضل ملک کو 4-2 اور 4-1 سے شکست دی۔ مردوں کے ڈبلزکے فائنل مقابلوں میں عقیل خان اور محمد عابد نے محمد شعیب اور برکت اللہ کو 6-3 اور7-6 سے شکست دی۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے جیتنے والے اور رنرز اپ کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ چیمپئن شپ کا آغاز 20 مئی کو ہوا جو آج اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئ۔ ٹورنامنٹ میں تمام ٹاپ رینکنگ قومی کھلاڑیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا