اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)پاکستان نے بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل میں دئیے گئے بیان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت کے غیرذمہ دارانہ بیانات اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت سیکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت حاصل کرنے کے اہل نہیں،ہمیں کشمیری سیاسی قیدیوں کے بارے میں بھی گہری تشویش ہے ،ضروری ہے ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے اور فوری رہا کیا جائے،پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو برقرار رکھے گا،کاپ 27 میں سیلاب کی تباہ کاریوں کےلئے فنڈ مختص کرنے کے فیصلے سے نقصان کا ازالہ کرنے میں مدد ملے گی، ترک صدر اردگان کے ساتھ وزیر اعظم مشترکہ طور پر استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کےلئے تیسرے پی این ایس خیبر کا افتتاح کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کاپ 27 میں سیلاب کی تباہ کاریوں کےلئے فنڈ مختص کرنے کے فیصلے سے نقصان کا ازالہ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ترکیہ کے صدر کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف 25 سے 26 نومبر کو ترکی کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے،وزیراعظم محمد شہباز شریف دورہ ترکیہ کے دوران دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے ۔ ترجمان نے بتایاکہ ترک صدر اردگان کے ساتھ وزیر اعظم مشترکہ طور پر استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کےلئے تیسرے پی این ایس خیبر کا افتتاح کریں گے۔ ،دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت کریں گے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم دورے کے دوران ترک تاجر برادری کے رہنماو¿ں سے بات چیت بھی کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم ترکیہ میں ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ بینک کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ برادرانہ تعلقات سے لطف اندوز ہیں جو عقیدے، ثقافت اور تاریخ کی مشترکات میں گہرائی سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ نے انڈونیشیا میں زلزلے سے ہونے والے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل میں دیے گئے بیان کو مسترد کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کے غیرذمہ دارانہ بیانات اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت سیکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت حاصل کرنے کے اہل نہیں۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے ظلم و بربریت جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس ہفتے ایک اہم پیش رفت پاکستان اور جمہوریہ ڈومینیکن کے درمیان سفارتی تعلقات کا قیام ہے،اس سلسلے میں 18 نومبر 2022 کو نیویارک میں پاکستان اور ڈومینیکن ریپبلک کے مستقل نمائندوں نے ایک باضابطہ مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ سفارتی تعلقات کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی،ڈومینیکن ریپبلک کے ساتھ سفارتی تعلقات کا قیام دنیا بھر میں سفارتی تعلقات کو وسعت دینے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے 22-23 نومبر 2022 کو مراکش میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں کے 9ویں عالمی فورم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قازقستان کے صدر کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان قازقستان کےساتھ اپنے قریبی تعلقات کو برقرار رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی وفد 20 سے 25 نومبر 2022 تک کمبوڈیا میں 43ویں آسیان پارلیمانی اسمبلی میں شرکت کر رہا ہے،پاکستانی وفد کی قیادت ممبر قومی اسمبلی صلاح الدین کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ گزشتہ ہفتے بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ جموں کشمیر میں دو کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر دیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض افواج بے گناہ نوجوانوں کو اپنی حراست میں لے کر قتل کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں کشمیری سیاسی قیدیوں کے بارے میں بھی گہری تشویش ہے یہ ضروری ہے کہ ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے اور انہیں فوری رہا کیا جائے۔