اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے 26 نومبر کو راولپنڈی میں دھرنے کے حوالے سے اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبرپختونخوا (کے پی)کی قیادت نے عمران خان کو اپنا پلان بھیج دیا۔ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھیجے گئے پلان پر تبدیلی یا منظوری کا فیصلہ عمران خان دیں گے، پارٹی فیصلوں کا تعلق احتجاج کی جگہ کے حتمی تعین سے جڑا ہے۔ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھیجے گئے پلان کے مطابق کے پی کے مختلف اضلاع سے قافلے جمعہ کی سہ پہر روانہ ہوں گے، جبکہ پشاور سے قافلہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب راولپنڈی کیلئے روانہ ہو گا۔ذرائع کے مطابق قافلوں کی آمد کا سلسلہ جمعہ کی صبح سے شروع ہو جائے گا، جبکہ راولپنڈی کے کارکنان اور قیادت جمعرات کو تیاریوں کو حتمی شکل دیں گے۔ذرائع کے مطابق ہر ضلع سے آنے والے کارکنوں کی قیادت متعلقہ ایم این ایزاور ایم پی ایز کریں گے، تنظیمی عہدیدار کھانے سمیت پارٹی پرچم و دیگر اشیا کارکنوں کو دینے کے پابند ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پشاور سے پرویز خٹک سوات سے وزیراعلی محمود خان قافلوں کی قیادت کریں گے تاہم قافلے موٹروے کا استعمال کریں گے یا جی ٹی روڈ سے آئیں گے، حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔ذرائع کے مطابق خواتین کے معاملات دیکھنے کیلئے کنول شوذب کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ راولپنڈی میں جلسہ گاہ کیلئے کنٹینر کے اردگرد سکیورٹی کا سخت حصار رہے گا۔