کراچی ( کرائم رپورٹر) کراچی پولیس کے شہید کانسٹیبل عبدالرحمان کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کواٹر میں ادا کر دی گئی ۔کانسٹیبل عبدالرحمان نے کلفٹن میں گزشتہ رات دوران ڈیوٹی ملزمان کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا۔شہید کی نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو ، ڈی آئی جی ساؤتھ ، ڈی آئی جی ٹریفک ، رینجرز کے افسران اور پولیس کے دیگر سینئر افسران و شہید اہلکار کے ورثاء نے شرکت کی۔اس موقع پر پولیس کے خصوصی دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی اور پولیس کے دیگر سینئر پولیس افسر ان نے شہید کے ورثاء سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شھید کو خراج عقیدت پیش کیا۔شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام، دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے ابتک کراچی پولیس کے سینکڑوں افسران و جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔