کراچي(نمائندہ خصوصی) صوبائي وزير اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ رواں ہفتہ کے اختتام تک عمران خان کی جانب سے ملک میں پھیلائی گئی بحرانی کیفیت کا خاتمہ ہو جائے گا ۔ جعلی لانگ مارچ غیر مؤثر ہوچکا اور اسکی جعلی حیثیت عوام پر آشکار ہوچکی ہے ۔ صوبائی وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے بھی اعتراف کرلیا کہ لانگ مارچ ختم ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو گھڑی چوری ، گندم چوری ، چینی چوری، منی لانڈرنگ جیسے بڑے سرپرائز دے چکے ہیں۔ عمران خان نومبر 26 کو اب کون سا بڑا سرپرائز دیں گے ؟ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان اپنی خیر منائیں ،الیکشن کمیشن سے عمران خان نااہل ہوچکے، اب توشہ خانہ کی بد عنوانیوں سے بچ نہیں سکتے ۔ لگتا یہ ہی ہے کہ عمران خان تا حیات نا اہل ہونے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان، فرح گوگی اور ان کی کابینہ کے اراکین، گھڑی کی خرید وفروخت کے بعد دبئی میں مقیم شخصیت سے فرمائشیں کرتے رہے۔ عمران خان نے کرکٹ سے اتنا پیسہ نہیں کمایا جتنا توشہ خانہ کے تحائف بیچ کر کمایا ۔ سنا ہے عمران خان نے کرکٹ میں انڈیا سے ملنے والا سونے کا تمغہ بھی بیچ ڈالا تھا ۔ ان حقائق سے ظاہر ہوتا ہے کہ قیمتی تحائف اور اعزازات بیچنا عمران خان کی پرانی عادت ہے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان پریشر ککر بننے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ بدعنوانیوں کے کیسز سے بچ سکیں ، لیکن اب ایسہ ممکن نہیں عمران خان کی بقیہ زندگی عدالتوں کے چکر کاٹنے اور سلاخوں کے پیچھے گذرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سن2023ء میں اپنے وقت پر ہونگے اور اتحادی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ۔