کراچی (کامرس رپورٹر ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اکتوبر میں کرنٹ اکانٹ خسارہ 56 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا، ستمبر 2022 کے مقابلے اکتوبر کا خسارہ 56 فیصد زائد ہے۔ایس بی پی کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں کا کرنٹ اکانٹ خسارہ 2.82 ارب ڈالر رہا، رواں مالی سال چار ماہ کا خسارہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں سے 46 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال جولائی سے اکتوبر تک جاری خسارہ 5.30 ارب ڈالر تھا، جولائی سے اکتوبر کا تجارتی خسارہ 10 ارب 79 کروڑ ڈالر رہا۔مرکزی بینک کے مطابق درآمدات میں کمی سے کرنٹ اکانٹ خسارہ کم ہوا ہے، جولائی سے اکتوبر ملکی درآمدات 20 ارب 61 کروڑ ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال چار مہینوں کی درآمدات 23 ارب 32 کروڑ ڈالر تھیں، رواں مالی سال چار مہینوں کی درآمدات گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے سے 11 فیصد کم ہیں، چار مہینوں کی برآمدات 2.61 فیصد اضافے سے 9.82 ارب ڈالر رہیں۔