کراچی ( نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ایڈمنسٹریٹر گاڑی ڈرائیو کررہے تھے۔ گورنر سندھ عباسی شہید اسپتال گئے جہاں پر انہوں نے مریضوں اور تیمار داروں سے ملاقاتیں کی اور اسپتال میں موجود سہولیات کے حوالہ سے بات کی ۔ اس موقع پر میڈیکل سپریٹنڈنٹ ، ڈاکٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ متعلقہ افسران نے گورنرسندھ کو اسپتال کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال شہر کے بڑوں اسپتال میں شمار ہوتا ہے جہاں پر نہ صرف اس کے اطراف کے مکین اپنے پیاروں کا علاج کراتے ہیں بلکہ مضافاتی علاقوں سے بھی لوگ یہاں علاج کرانے آتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنے پہلے دورہ کے دوران جو بریفنگ دی گئی اسے سن کر بہت افسوس اور دکھ ہوا تھااسپتال میں آپریشن تھیٹر تک صحیح انداز میں کام نہیں کررہا ہے جبکہ دیگر شعبے بھی متاثر ہیں وہی میں نے تہیہ کرلیا تھا کہ اس اسپتال کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لئے با اختیار لوگوں سے بات کرکے ان سے درخواست بھی کروں گا کہ عباسی شہید اسپتال کے مسائل کو حل کرنے میں اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لائیں۔