پاراچنار( نمائندہ خصوصی )ضلع کرم میں افغان سرحد پر تین روزہ جھڑپوں میں ایک سیکورٹی اہلکار شہید اورنو سیکورٹی اہلکاروں سمیت بارہ افراد زخمی ہوئے ، افغان علاقے میں بھی ایک شخص جا بحق متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ، سرحدی علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی کردی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر واقع بوڑکی خرلاچی سرحد پر زمین کے تنازعے پر گزشتہ روز سے اس وقت جھڑپیں شروع ہوئیں جب پاکستانی علاقے پر افغانیوں کی جانب سے قبضے کی کوشش کی گئی فائرنگ کا سلسلہ پیر کی صبح تک جاری رہا افغانستان کی جانب سے سرحدی چوکی اور سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ نو اہلکاروں سمیت بارہ افراد زخمی ہوئے افغان میڈیا کے مطابق افغان علاقے میں ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے مسلسل جھڑپوں کے بعد سرحد کے دونوں جانب لوگوں نے نقل مکانی کردی ہے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پیر کے روز فائرنگ کا سلسلہ بند رہا اور فائر بندی کے بعد افغان سرحد پر فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں مسلے کے پر امن حل پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ڈپٹی کمشنر واصل خان خٹک نے کہا کہ عمائدین کی جانب سے قیام امن اور مسئلے کے پر امن حل کیلئے کوششیں جاری ہیں اور کمشنر کوہاٹ محمود اسلم اور 73 بریگیڈ کے بریگیڈیئر شہزاد عظیم بھی مسئلے کے حل کیلئے مصروف عمل رہے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال پاراچنار کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر قیصر عباس نے میڈیا کو بتایا کہ سپتال لائے گئے تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد دی گئی اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے سٹاف کو حاضر رہنے کی ہدایت دی گئی ،سرحدی علاقے بوڑکی خرلاچی کے عمائدین حاجی نوروز علی حاجی عون علی نے میڈیا کو بتایا کہ جس پاکستانی علاقے پر افغانستان کی جانب سے قبضے کی کوشش کی جارہی ہے ان کے زمینوں کا باقاعدہ انتقال پاکستانی سرحدی باشندوں کے نام درج ہے اس کے باوجود افغانستان کی جانب سے ان زمینوں پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے۔