لاڑکانہ(بیورورپورٹ) لاڑکانہ میں وطن دوست مزدور فیڈریشن پاکستان اور وطن دوست جمہوری پارٹی سندھ کی جانب سے محنت کش رہنما کامریڈ عزیز عباسی کی پہلی برسی کی تقریب لیبر ہال لاڑکانہ میں مرکزی صدر ایڈووکیٹ جمشید احمد فیض کی زیر صدارت منعقد کی گئی جس میں فوزیہ سینگھار، سلیم گل ابڑو اور دیگر نے عزیز عباسی کو اپنی شاعری کے ذریعے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شعر پیش کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر جمشید احمد فیض، جنرل سیکرٹری کامریڈ گلشیر شر، کامریڈ قادر کرد، کامریڈ حیدر جویو، صوبائی صدر زوار گوپانگ، ضلع لاڑکانہ کے صدر گل کورائی اور دیگر نے کہا کہ عزیز عباسی ایک تنظیم کا نام ہے، جس نے زندگی بھر مزدوروں اور کسانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی جس وقت اس ملک میں جب مزدوروں اور کسانوں کی جدوجہد کو گناہ سمجھا جاتا تھا، اس وقت کامریڈ عزیز عباسی اس ملک میں مزدور یونین بناکر جدوجہد کی اور آخری دم تک جدوجہد کرتے رہے اور انقلابی نظریے کے ساتھ مزدوروں اور کسانوں کی جدوجہد کو نمایاں کیا، ان کا کہنا تھا کہ کامریڈ عزیز عباسی نے ملک میں مزدور تنظیمیں قائم کیں اور مزدور تحریکوں کے ذریعے مزدوروں کے حقوق حاصل کئے، برسی کی تقریب میں سینکڑوں کارکنوں نے لیبر یونین زندہ باد کے نعرے اور دیگر نعرے لگائے، تقریب میں قرارداد منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ لیبر ہال کا نام بدل کر عزیز عباسی لیبر ہال رکھا جائے۔