لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ چودھری پرویز الٰہی نے رائے ونڈ کے لئے تین سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا افتتاح کر دیا، پرویز الٰہی نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی اور دعائے خیر کی، پاجیاں چوک پر تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں عائد پابندی ختم کرا کر بہت بڑی دینی خدمت سرانجام دی، تبلیغی جماعت پر پابندی عائد ہونے کے بعد میں نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعو دی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے بات کرنے کی استدعا کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے میری استدعا پر سعودی ولی عہد سے تبلیغی جماعت پر پابندی ہٹانے کی درخواست کی جو مان لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ان کو تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں پابندی ہٹوانے پر ہمیشہ اجر پہنچتا رہے گا۔ طلبہ کو ترجمہ اور ناظرہ قرآن مجید کے فیصلے کا اجر عمران خان اور ساری پی ٹی آئی کو بھی ملے گا۔ جو کام ہم نے کیا ہے وہ رہتی دنیا تک یا درہے گا، جب سے پاکستان بنا ہے یہ کام نہیں ہوا، تبلیغی جماعت دنیا بھر کے مسلمانوں کا چہرہ ہے، بعض لوگوں کی وجہ سے بد قسمتی سے دنیا بھر میں مسلمانوں کا مثبت تشخص متاثر ہوا۔