اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی اور متعلقہ اداروں سے رابطے برقرار رکھنے کےلئے راولپنڈی میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم ، عمارتوں کی چھتوں پر 100 سے زائد اسنائپرز تعینات کردیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیڈ کوارٹر نگرانی کےلئے 24 گھنٹے کنٹرول سینٹر میں موجود رہیں گے، سخت حفاظتی انتظامات کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر رہنماو¿ں کو لے جانے والے کنٹینر کے گرد 2500 سے زائد پولیس اہلکاروں کو وقف کیا گیا ہے۔ترجمان پولیس نے بتایا کہ کنٹرول سینٹر میں سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں سے حاصل کی گئی ویڈیو فوٹیج کی نگرانی کے لیے ایک افسر کو تعینات کیا گیا ، سینٹر کے انچارج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے فوکل پرسنز سے رابطے میں رہیں گے۔کنٹرول سینٹر سے تمام معلومات علاقائی پولیس افسر (آر پی او)، سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کو پہنچائی جائیں گی۔سرکاری ہسپتالوں میں تعینات پولیس اہلکار ہائی الرٹ رہیں گے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں میں امدادی مراکز فعال رہیں گے۔ترجمان نے کہا کہ ڈیوٹی پر موجود تمام اہلکاروں کےلئے آفیشل کارڈز اور شناختی کارڈ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔پولیس اسٹیشن اور ہیڈ کوارٹر کی سطح پر ویڈیوز کی فلم بندی کو لازمی قرار دیا جائے گا، سفید کپڑوں میں ملبوس اہلکار بھی نگرانی کریں گے۔دہشت گردی اور تخریب کاری کے خطرے کے پیش نظر راولپنڈی پولیس کو بھی ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔لانگ مارچ کے دوران عمران خان اور دیگر رہنماو¿ں کے کنٹینر پر ایلیٹ کمانڈوز اور اسنائپرز تعینات ہوں گے اور 3 حفاظتی باڑیں بھی لگائی جائیں گی۔ترجمان پولیس نے کہا کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بغیر کسی بھی شخص کو مرکزی کنٹینر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔