اسلام آباد۔ (نمائندہ خصوصی/اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر اپنے آسٹریا کے ہم منصب الیگزینڈر شلن برگ سے ملاقات کی۔بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان آسٹریا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو یورپی یونین کا اہم رکن ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان آسٹریا تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری، اعلیٰ تعلیم، قابل تجدید توانائی، سیاحت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون کے لئے مل کر کام کریں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کے ساتھ ساتھ پارلیمانی رابطوں کو بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا