کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد پاکستان نے دہشت گردی کی بدترین لہر کا سامنا کیا ہے لیکن اس کا سہرا ملک کے بہادر سپاہیوں کو جاتا ہے جنہوں نے جڑسے تمام چیلنجز کا خاتمہ کیا۔ یہ بات انہوں نے نشان پاکستان سی ویو میں منعقدہ کراچی شو آئیڈیاز 2022 میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر سندھ کامران تیسوری، صوبائی وزیر شبیر بجارانی، وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی، وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، ریئر ایڈمرل راجہ ربنواز ایچ آئی (ایم) کمانڈر کوسٹ اور غیر ملکی نمائندگان بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئیڈیاز 2022 کے زیر اہتمام کراچی شو کے شاندار انعقاد کا مشاہدہ کرنا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے ،پاک افواج کی صلاحیتوں کا پیشہ ورانہ مشق دیکھ کر خوشی ہوئی جو دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پاکستان کے دفاع کیلئے انکی لگن اور عزم کا اظہار ہے اوراس طرح کی تیاری امن کی ضمانت ہے جسکو آج "امن کیلئے ہتھیار” کے تھیم کے تحت آئیڈیاز 2022 میں پیش کیا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ نمائش کے دوران ہتھیاروں اور دیگر آلات کی نمائش اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹیکنالوجی کسی بھی ملک کے دفاع اور افواج کیلئے اپنی تفویض کردہ ذمہ داری کو نبھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انھوں نے پاکستان نیوی کو نشان پاکستان کے اس پروقار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے (پاکستان) کیلئے بھی اعزاز کی بات ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک اس نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئیڈیاز 2022 دفاعی نمائش کے کامیاب انعقاد پر دنیا بھر کو پیغام دیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہم کسی بھی ملک کے ساتھ تصادم کے بجائے بہترین اقدامات کو فروغ دینا چاہیں گے،لیکن ہمارے اس امن کے پیغام کو کمزوری نہ سمجھا جائے کیوں کہ افواج پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئیڈیاز جیسا پلیٹ فارم دنیا بھر میں دفاعی شعبے میں تکنیکی ترقی کے موقع فراہم کرتا ہےیہ نہ صرف جدید ٹیکنالوجی اور فوجی سازوسامان کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتا ہے بلکہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کیلئے ترقی پسند تبادلات کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 9/11کے بعد دنیا بدل چکی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کی بدترین لہر کا سامنا کیا ہےلیکن اس کا سہرا پاکستان کے بہادر سپاہیوں کو جاتا ہے جنہوں نے پاکستانی سرزمین سے اس سے جڑسے خاتمہ کردیا جوکہ مناسب تربیت اور جدید ہتھیاروں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حالیہ سیلاب کے دوران پاک افواج اور پاکستان بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ اپنی ذمہ داری لیتے ہوئے ہیلی کاپٹر اور ہوور کرافٹ کے ذریعے ناقابل رسائی علاقوں میں پھنسے لوگوں کو قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے امداد فراہم کرنے میں سب سے آگے رہی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ وائس چیف آف دی نیول اسٹاف کا بے حد مشکور ہوں جنھوں نے مجھے آج کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا، مجھے امید ہے کہ آئیڈیاز 2022 پاکستان کی مثبت اور ترقی پسند تصویر پیش کرنے کا ایک پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ مزید برآں، وزیر اعلیٰ سندھ نے میرینز کی خصوصی مشق، انسداد دہشت گردی کے ایک فرضی آپریشن اور ایک ایئر شو کا مشاہدہ کیا۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ ایکسپو سینٹر میں آئیڈیا 2022 کے تیسرے روز بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں وفاقی وزیر ڈفینس پروڈیکشن اسرار ترین اور ڈی جی ڈفینس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائیزیشن نے انکا استقبال کیا جسکے بعد وہ مختلف اسٹالز کا دورہ کرنے نکلے اور انھیں مختلف حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔