بالی (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کی ہے۔ملا قات میں شی جن پھنگ نے اس بات کا ذکر کیا کہ گزشتہ 3 برس میں دونوں فریقین نے مختلف ذرائع سے قریبی رابطے کئے ہیں تاکہ چین ۔ فرانس تعلقات میں ترقی کی مثبت رفتار کو برقرار رکھا جاسکے ۔ دونوں ممالک نے اہم تعاون پر مثبت پیشرفت کی ہے۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس وقت دنیا بدامنی اور تبدیلی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگئی ہے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ کثیر قطبی دنیا میں دو اہم قوتوں ، چین اور فرانس ، چین اور یورپی یونین کو آزادی اور خودمختاری کے تحت کھلے پن اور تعاون پر عمل کرنا چاہئے تاکہ دوطرفہ تعلقات صحیح راستے پر مستحکم پیشرفت کے ساتھ آگے بڑھیں، اور دنیا کو مستحکم اور مثبت توانائی مہیا کرسکیں۔
چینی صدر نے زور د یتے ہوئے کہا کہ چین کی اعلیٰ سطح کے کھلے پن کے فروغ کی کوششیں اور چینی جدیدیت کو آگے بڑھانے میں اس کی پیش قدمی فرانس سمیت دنیا کے تمام ممالک کو نئے مواقع فراہم کرے گی۔
میکرون نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کا دوبارہ جنرل سیکرٹری منتخب ہونے اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 قومی کانگریس کی مکمل کامیابی پر شی جن پھنگ کو گرم جوشی سے مبارکباد دی۔
میکرون نے کہا کہ فرانس آزاد سفارتکاری کا حامی اور بلاک تصادم کا مخالف ہے۔
میکرون نے کہا کہ موجودہ کشیدہ عالمی صورتحال کے پیش نظر ، فرانس کو امید ہے کہ وہ چین کے ساتھ باہمی احترام ، مساوات اور باہمی تعاون کو برقرار رکھے گا ، اعلی سطح کے تبادلے و مکالمے مضبوط بنائے گا ، معیشت اور تجارت ، ہوا بازی کے ساتھ ساتھ سویلین جوہری توانائی جیسے شعبوں میں تعاون کو وسعت دے گا اور چینی کاروباری اداروں کو فرانس میں تعاون کرنے کا خیرمقدم کرے گا۔