کراچی
نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، نائب صدر نعیم حیدر اور ایگزیکٹیو کمیٹی اراکین نے چیئرمین بزنس مین گروپ زبیرموتی والا کی بطور چیف ایگزیکٹیو آفیسرٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نامزدگی کا شاندارالفاظ میں خیرمقدم کیا ہے اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زبیرموتی والا کی ٹی ڈی اے پی میں ذمہ داریاں سنبھالنے سے نہ صرف ملکی برآمدات پر اس کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے بلکہ بزنس کمیونٹی کا کھویا ہوا اعتماد بھی بحال ہوگا۔ نکاٹی کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے ایک بیان میں کہا کہ بزنس کمیونٹی کو جب بھی مسائل کا سامنا رہا تو زبیر موتی والا نے ان کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور وفاقی سطح پر ایک مضبوط آواز بلند کی۔ چیئرمین بی ایم جی کی خدمات پوری تاجر برادری کے لیے قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ زبیرموتی والا تجارت وصنعت میں اپنی مہارت سے یقینی طور پر ملکی برآمدات کو فروغ دینے اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے اور اس مقصد کے تحت بزنس کمیونٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔