اسلام آباد۔ (نمائندہ خصوصی/اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ کیلئے خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں، ان کا مقصد ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانا ہے، پاکستان کو عمران خان کی خواہشات پر نہیں آئین اور قانون کے مطابق چلانا ہے، خیبر پختونخوا کے سرکاری افسران عمران خان کے ذاتی ملازم نہ بنیں، غیرملکی سازش کے من گھڑت بیانیے کی حقیقت عوام جان چکے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ عمران خان اپنے مذموم مقاصد کیلئے خیبر پختونخوا کے وسائل کو ہر طرح سے استعمال کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر رکشہ کی طرح استعمال ہو رہا ہے،
ان کا مقصد دھرنوں کے ذریعے معمولات زندگی کو مفلوج کرنا ہے، عوام کو راستوں کی بندش سے جو تکلیف ہو رہی ہے اس سے واقف ہیں اور عوام سے معذرت کرتے ہیں لیکن یہ مجبوری ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ عمران خان نے اپنے تمام وعدوں سے یو ٹرن لیا، وہ اپنی چار سالہ کارکردگی کے بارے میں پانچ منٹ بھی گفتگو نہیں کر سکتے، وہ عوام کو ورغلا کر کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی دھرنوں کے ذریعے ملکی ترقی کا راستہ روکا اور چینی صدر کی آمد پر دھرنا دیا، اب ان کی منزل مقصود آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام بنانا ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے حکام عمران خان کے احکامات نہ مانیں اور خود کو عمران خان کا ذاتی ملازم سمجھنے کی بجائے عوام کا ملازم سمجھیں، قابل شرم ہے کہ ڈی سی آفسز میں لانگ مارچ کیلئے اجلاس اور منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست کرنی ہے تو صوبہ کے وسائل کی بجائے اپنے پارٹی لیڈروں کے گھروں پر سرگرمیاں کریں، پاکستان کسی ایک جماعت کا نہیں ہم سب کا ہے، صوبہ کے وسائل کو سیاسی سازشوں کیلئے استعمال نہ کیا جائے، قومی خزانے سے تنخواہ لینے والے عوام کے مفاد میں کام کریں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کے صوبہ کے وسائل کے سیاسی استعمال کے خلاف ہم نے نیب اور متعلقہ اداروں کو درخواست دے دی ہے، پاکستان کو عمران خان کی خواہشات کے مطابق نہیں آئین اور قانون کے مطابق چلایا جائے۔ امیر مقام نے شہید پولیس اہلکاروں کمال احمد اور سحر گل کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں