لاہور ( بیورو رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماﺅں کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا ۔ جس میں حقیقی آزادی مارچ کے سفر اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں فواد چوہدری، اظہر مشوانی ، شبلی فراز ، مسرت جمشید چیمہ سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ غیر رسمی مشاورتی اجلاس میں پارٹی رہنماﺅںنے عمران خان کو لالہ موسی اور اٹھارہ ہزاری کے قریب ہونے والے حقیقی آزادی مارچ کے جلسوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس میں موجودہ مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ علاوہ ازیں عمران خان سے پی ٹی آئی کے بانی سینئر رکن اور معروف قانون دان حامد خان نے بھی ملاقات کی ۔ عمران خان نے حامد خان سے سپریم کورٹ میں زیر التوا ءمقدمات بارے بریفنگ لی ۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کسی غیر آئینی اقدام پر یقین نہیں رکھتی ۔تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت ہے جو ملک میں جمہوریت کی بالادستی کی جنگ لڑ رہی ہے ۔