لالہ موسیٰ (بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، عمران خان بہت جلد دوبارہ وزیراعظم پاکستان بنیں گے۔لانگ مارچ کے اگلے پڑاﺅ کا اعلان کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ گجرات کے عوام کے ولولے اور جذبے کو سلام، شہر شہر ایک ہی آواز ہے وزیراعظم عمران خان۔انہوں نے کہا کہ میرا یقین محکم ہے کہ نہ صرف ہماری حقیقی آزادی کی تحریک کامیاب ہوگی بلکہ بہت جلد عمران خان ایک بار پھر وزیراعظم پاکستان ہوں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اگر نئے انتخابات تاخیر سے ہوئے تو ملکی معیشت دن بدن گرتی چلی جائے گی، انہوں نے گیلپ کے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقے کا اٹھاسی فیصد لوگ سمجھتے ہیں کہ پاکستان غلط سمت میں جارہا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی، پاکستان کی تاجر برادری پریشان ہے، روپیہ گرتا جارہا ہے، سیاسی عدم استحکام کی کیفیت ہے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا آزادی مارچ سے کوئی تعلق نہیں ہے، جبکہ (آج)13 نومبر کو لانگ مارچ کا قافلہ کھاریاں کےلئے روانہ ہوگا جہاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ بھی دیکھا جائےگا اور بعد ازاں عمران خان خطاب بھی کریں گے۔