کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ کا دورہ کیا اور مرکز کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر نگراں مجلس شوریٰ حاجی عمران عطاری ، اراکین امین عطاری ، اطہر علی عطاری ، عبد الحبیب عطار ی، متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے اراکین عبد الحسیب خان اور زاہد منصوری سمیت دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے ۔اس موقع پر انہوںنے کہا کہ آپ کے درمیان ایک ادنیٰ سا عاشق رسول ﷺ کی حیثیت سے موجود ہوں بلاشبہ فیضا ن مدینہ ہر شعبہ میں بے مثال کام کررہا ہے ، انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی اس بات کی ہوئی ہے کہ یہاں بے سہارا لوگوں کی امداد کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیضان مدینہ میں طالب علموں کو دینی علوم کے ساتھ ساتھ جدید علوم کی فراہمی بھی خوش آئند ہے یہ ایک ایسا ادارہ ہے جو اپنے سے منسلک ایک ایک شخص کو مکمل ادارہ بنارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں انتہائی منظم انداز سے کام کرنے پر دعوت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتاہوں میری خواہش ہے کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام ایک جگہ پر بٹھا سکوں کیونکہ محبت ، ایثار اور عشق رسول ﷺ کا جذبہ ہم سب میں زندہ رہنا چاہئے ۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو ایک خط تحریر کیا ہے کہ اسکولوں اور کالجز میں قرآن کریم ترجمہ سے پڑھایا جائے اس سے قبل نکاح نامہ میں بھی حضرت محمد مصطفی کے خاتم النبین ﷺ کا اقرار شامل کرنے کے لئے خط لکھا تھا جس کے لئے وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ قانون کو ہدایت دے دی ہے امید ہے کہ قرآن لازمی تعلیم پر بھی جلد عملدرآمد شروع کرائیں گے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقا ت کے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ سیاسی رہنماﺅں کے درمیان اتحاد و اتفاق کی کوششیں کررہا ہوں مجھے امید ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی رہنما ملک و قوم کی خدمت کرنے کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائیں گے ۔