لندن (نیٹ نیوز )مسلم لیگ کے قائد وسابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ قوم جانتی ہے نوازشریف نے فیصلے کرتے ہوئے ہمیشہ ملک وقوم کے مفاد کو سامنے رکھا، میرٹ میرٹ کی رٹ لگانے والوں نے اپنے دور میں جس طرح میرٹ کی دھجیاں اڑائیں وہ بھی سب کے سامنے ہے ،قانون کی حکمرانی کا دعویدار شخص خود یہ اعتراف کر رہا ہے کہ وہ اپنے دور میں یہ کام نہیں کرسکا،کیا ایسا شخص کسی اعتماد کے لائق ہے ؟ماضی میں بھی (ن) لیگ نے ملک کو سیاسی معاشی استحکام بخشا،اب بھی (ن) لیگ یہ سب کر کے دکھائے گی ، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک وقوم کا قیمتی اثاثہ ہیں ان کےلئے تمام ممکنہ سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔وہ رکن قومی اسمبلی و مسلم لیگ گلف و مڈل ایسٹ کے صدر احسان الحق باجوہ کی سربراہی میں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازشریف، سابق وفاقی وزیر عابد شیر علی بھی موجود تھے۔نوازشریف نے کہاکہ ذاتی مفادات کے لئے ملک کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کی اصلیت قوم بخوبی جان چکی ہے، اب ان کے اپنے لوگ بھی ان کے خلاف بولناشروع ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے ہردورحکومت میں ملک میں ریکارڈ ترقی ہوئی، گزشتہ چارسال میں ملک کو جتنا نقصان پہنچایاگیا،اس کی تلافی میں برسوں لگیں گے۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کی پاسداری یقینی بنائی جائے تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن اور عوام خوشحال ہوں۔اس موقع پر احسان الحق باجوہ نے نوازشریف کو مسلم لیگ(ن) اوورسیز کی تنظیمی معاملات اپنے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے حالیہ دوروں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیاجس پر نوازشریف نے گلف اور مڈل ایسٹ میں مسلم لیگ ن کو فعال بنانے میں احسان الحق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ تمام ممالک میں مسلم لیگ ن کے تنظیمی عہدیداروں کو خاص طور پر ہدایت کی جائے کہ وہ اپنے اپنے ملکوں میں مقیم پاکستانیوں خاص طور پر محنت کشوں کے مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کریں۔