لاہور (بیورورپورٹ ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دی گئی کہ 20نومبر کو جعفر ایکسپریس مچھ اسٹیشن تک بحال ہو جائے گی، مچھ سے کوئٹہ تک مسافروں کو بسوں پہ بھجوایا جائے گا،بلوچستان حکومت سکیورٹی فراہم کرے گی۔مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کےلئے ٹرین کو انجینئرنگ ریسٹرکشنز کے ساتھ چلایا جائے گا، مچھ اسٹیشن پر 7 نئے واش رومز بنا دیئے گئے اور دو جنریٹر بھی نصب ہیں ۔ وزیر ریلوے نے ہدایت کی کہ 20نومبر تک اسٹیشن پر نئے بینچ ، اضافی واٹر کولرز اور سکیورتی کیمرے نصب کیے جائیں ۔ انہوں نے ہرک برج پر 50 فیصد کام مکمل ہونے پر ڈی ایس کوئٹہ کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ تفتان سیکشن سے ریلوے ریونیو سٹریم بڑھانے کے لیے چیمبرز آف کامرس سے تجاویز لی جائیں، ریلوے اسٹیشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے ریوائزڈ پی سی ون کی جلد منظوری لی جائے، ٹرینوں کی ارننگ اور آکیوپینسی بارے بریفنگ، ایک ایک ٹرین کی ایویلیوایشن ہو گی۔ پشاور ڈویژن میں ریلوے زمینوں پر تجاوزات کے خلاف بھرپور ایکشن کا فیصلہ، ڈی ایس کو ٹاسک دے دیا گیا۔ سکھر ڈویژن میں انجینئرنگ ریسٹرکشنز کم کرنے کے لیے ٹیکنیکل ٹیم کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ۔