کراچی(نمائندہ خصوصی) ترجمان وزارت صحت کے مطابق میڈیکل اسٹوڈنٹس کیلئے ایم ڈی کیٹ آج(اتوار)ملک بھر میں 13 نومبر کو منعقد ہو رہا ہے۔ وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے اس ضمن میں کہاہے کہ ایم ڈی کیٹ کے امتحان کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں، امتحان میں 2 لاکھ 4 ہزار سے زائد بچے شرکت کریں گے۔وزیر صحت نے کہاکہ امتحانات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی پولیس و قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز کی کوششیں قابل ستائش ہیں، امتحانات کو احتساب، شفافیت، میرٹ اور صوبوں کے نصاب کو مد نظر رکھتے ہوئے پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹیز کو دیا گیا ہے۔عبدالقادر پٹیل نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کے طلبا اور طالبات کے انٹری ٹیسٹ شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کروارہی ہے، رواں سال اسلام آباد سے 21 ہزار 188 امیدوار اس امتحان میں شرکت کریں گے، جن میں 14 ہزار 656 طالبات اور 6 ہزار 532 طلبا شاملِ ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اسلام آباد کے طلبہ کیلئے بارانی زرعی یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سمیت فیڈرل ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے 18 تعلیمی اداروں کو بطور امتحانی مرکز نامز د کیا گیا ہے۔عبدالقادر پٹیل نے بتایا کہ ایم ڈی کیٹ کے اسٹوڈنٹس کی زیادہ تعداد بین الاقوامی سطح پر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں ہے، جس کی وجہ سے وہاں پر بھی ایک ہی دن اور وقت پر امتحان لیا جائے گا، بین الاقوامی سینٹرز میں امتحان دینے والے طلبا کی تعداد 462 ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ پی ایم سی کا عملہ اور صوبائی و وفاقی میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز امتحانات کی خود نگرانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ میڈیکل کی تعلیم ریسرچ اور پروفیشن کو سب سے زیادہ اہمیت ان 6 مہینوں میں ملی، وہ گزشتہ 4 سالوں میں نہیں ملی تھی۔سندھ میں میڈیکل اسٹوڈنٹس کے ایم ڈی کیٹ امتحانات کراچی میں ڈاﺅ میڈیکل اوجھا کیمپس اور این ای ڈی یونیورسٹی میں منعقد ہوں گے، تحریری ٹیسٹ کا دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے ہوگا، جو صبح 11 بجے سے شروع ہوکر ڈھائی بجے ختم ہوگا۔انتظامیہ کے مطابق ٹیسٹ میں موبائل سمیت ہر قسم کی الیکٹرانک ڈیوائس لے جانے پر پابندی ہوگی، اندرون سندھ کے امیدواروں کیلئے جامشورو، نوابشاہ اور خیرپور میں بھی ٹیسٹ منعقد کیئے جائیں گے، ٹیسٹ کیلئے مجموعی طور پر 43 ہزار 994 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔