کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاک چین دوستی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی جو سی پیک منصوبے سے مزید مستحکم ہونے جارہی ہے ۔ یہ بات انھوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں چینی صدر/نائب وزیر کابینہ رینک پیپلز ایسوسی ایشن برائے غیر ملکی ممالک فریڈشپ مسٹر لن سونگتیان (Mr. Lin Songtian) سے ملاقات میں کہی جس میں قونصل جنرل لی بیجیان اور دیگر بھی شامل تھے۔ ملاقات میں پاک ۔ چین تعلقات اور سی پیک سے متعلق منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چائنا سے مضبوط دوستی کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی جو وقت کے ساتھ مضبوط اور وسیع ہوتی رہی اب سی پیک منصوبے کے ساتھ مزید مستحکم ہوتی جارہی ہے، انھوں نے مزید بتایا کہ چائنا کے تعاون سے تھر میں 1360 میگاواٹ کا نیا کول پاور پروجیکٹ آئندہ سال سے کام شروع کردے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے دورے پر آئے وفد کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اسپین کے سفیر مسٹر جوز اے ڈی اوری (Mr. Jose A. De Ory) نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات جس میں اسپین کے قونصل جنرل غوث اکبر بھی شریک تھے جبکہ وزیراعلیٰ کے ساتھ معاون خصوصی سید قاسم نوید اور پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی نے شرکت کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،سرمایہ کاری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اسپینی کمپنیز کو سندھ حکومت کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کرنے کی پیشکش کی جس پر اسپینی سفیر نے اسپینی کمپنی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں کام کرنے سمیت شعبہ تعلیم میں آئی بی اے کراچی کے ساتھ اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔وزیراعلیٰ سندھ نے سفیر کو سندھی ثقافت کے تحائف پیش کئے۔
ایئر وائس مارشل سے ملاقات: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایئر وائس مارشل خالد محمود ایئر سدرن کمانڈ افسر نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پیشہ وارانہ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔