اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بحرین ائیر شو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جس میں "فخر پاکستان” جے ایف-17 تھنڈر طیارے نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر مختلف ممالک کے وفود کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں دیگر طیاروں اور دفاعی آلات کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر تیار کردہ جے ایف-17 لڑاکا طیارہ نمائش کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔پاک فضائیہ کے دستے سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے ائیر شو میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں ان کی شرکت قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
ایئر چیف نے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی تمام تر کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے میگا ایونٹ میں عمدہ شو پیش کرنے پر پاک فضائیہ کی ٹیم کی بھی تعریف کی۔ بعد ازاں سربراہ پاک فضائیہ نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور کئی اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی۔قبل ازیں پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے جنگی طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں اور جدید ترین ہتھیاروں کے متعلق حاضرین کو معلومات فراہم کیں۔ حاضرین فخر پاکستان جے ایف-17 تھنڈر طیارے کو اپنے درمیان دیکھ کر پرجوش تھے۔
سٹیٹک ڈسپلے کے علاوہ، پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کے تیار کردہ جے ایف-17 طیارے نے ایروبیٹکس کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر بحرین کی فضاؤں میں طیارے کی گھن گرج کے ساتھ ساتھ، بے صبری سے منتظر ہجوم کا جوش و خروش بھی قابلِ دید تھا۔ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بننے والے ڈسپلے نے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور جیسے ہی طیارہ واپس رنوے پر اترا حاضرین نے پرجوش انداز میں تالیوں سے اس کا استقبال کیا۔ایئر شو میں جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی شرکت نے پاک فضائیہ کو اپنی جدید صلاحیتوں کے جوہر دکھانے اور ممکنہ خریداروں کو بین الاقوامی مارکیٹ میں لڑاکا طیارے کی غیر معمولی صلاحیتوں کو جانچنے کا ایک بہترین موقع فراہم کیا ہے