لاہور ( بیورورپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حقیقی آزادی لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ اب کل (بدھ ) وزیر آباد سے شروع ہوگا،پوری قوم تیار ہے اور الیکشن کی تاریخ لیکر ہی واپس آئیں گے ،سرحدوں پر کھڑے فوجی میرے بچوں کی طرح ہیں، پاک فوج ہماری ہے اور اس کے خلاف جانا ممکن نہیں۔لاہور میں اپنی رہائشگاہ زمان پارک پر عمران خان سے صحافیوں کی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی ہے، لانگ مارچ منگل کے بجائے پرسوں (بدھ ) سے شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نوازشریف سے کبھی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، پوری قوم اب تیار ہے، الیکشن کی تاریخ لیکر ہی واپس آئیں گے اور میرا لانگ مارچ ہر صورت میں منزل حاصل کرے گا۔عمران خان نے کہا کہ سرحدوں پر کھڑے فوجی میرے بچوں کی طرح ہیں، آرمی چیف کی تقرری میرا ایشو نہیں، پاک فوج ہماری ہے اور اس کے خلاف جانا ممکن نہیں۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرکے انکی خیریت دریافت کی ۔ دونوں رہنماﺅں کی ملاقات کے دوران لانگ مارچ کے اگلے مرحلے اور وزیر آباد حملے کی ایف آئی آر کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔