اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف سے اسپین، نائیجر، ایستونیا، کویت اور بحرین کے قائدین نے الگ الگ ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام ممالک کی سنجیدگی اور پختہ عزم کو سراہا ۔وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور 3 کروڑ 30 لاکھ شہریوں کی مشکلات سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے کہاکہ 1800 ارب روپے کا کسان پیکج دیا ہے جس میں بیج کی مفت فراہمی بھی شامل ہے،زرعی اور بلاسود قرض دے رہے ہیں تاکہ کسان اپنے پیروں پر کھڑا ہوسکے۔ شہباز شریف نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے متاثرہ ممالک کو وسائل کی فراہمی درست سمت میں صحیح قدم ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ موسمیاتی اثرات کی تباہی جاری رہی توکوئی بھی ملک اس کے سنگین اثرات سے بچ نہیں سکے گا۔