اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف مہناز اکبر عزیز کی کنوینر شپ میں بچوں کے حقوق سے متعلق پارلیمانی تاریخ کا پہلا چائیلڈ رائٹس پارلیمانی کاکس تشکیل دےدیا ہے۔ پارلیمانی کاکس میں کنونیر منہاز اکبر عزیز کے علاوہ ممبران قومی اسمبلی شزا فاطمہ خواجہ، محسن نواز رانجھا ، سعد وسیم، ناز بلوچ، قادر خان مندوخیل ، آسیہ عظیم، ڈاکٹر محمّد افضل خان دھاندلا، محمد ابوبکر، شاہدہ اختر علی اور محسن داوڑ شامل ہیں۔بچوں کے حقوق سے متعلق پارلیمانی کاکس برائے چائیلڈ رائٹس قومی اسمبلی کے 20 اکتوبر کے اجلاس میں متفقہ طور پر منظور ہونے والی قراردار کی روشنی میں تشکیل دیا گیا ہے۔ مذکورہ قرارداد بچوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے منظور کی گئی تھی۔ قرارداد ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف مہناز اکبر عزیز نے پیش کی تھی۔یاد رہے کہ رواں سال اگست میں پارلیمنٹ ہاوس میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے موقع پر 12 اگست کو پارلیمنٹ بچوں کے کنوینشن میں بچوں کے حقوق پر پارلیمانی کاکس کی تشکیل دینے کی قرارداد منظور کی گئی تھی.قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔