اسلام آباد( بیورورپورٹ ) صدر مملکت سے پاکستان میں جرمن سیاسی فاونڈیشن ، فریڈریک ایبرٹ سٹفٹنگ کے وفد نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر جرمنی کی مسلسل حمایت کو سراہا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان جرمنی کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاکستان باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینا چاہتا ہے۔صدر مملکت نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے رجحان کو سراہا ۔صدر مملکت نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبار کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور جرمنی عام انتخابات میں ووٹنگ کے طریقہ کار، جعلی خبروں اور غلط معلومات کے سدباب پر تعاون کر سکتے ہیں ۔صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور جرمنی سوشل میڈیا کے کردار، انصاف کے فروغ ، مساوات اور بین الاقوامی تعلقات میں عالمی اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جرمن سرمایہ کار پاکستان چین اقتصادی راہداری کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کریں ۔ صدر مملکت نے کہاکہ جرمن سرمایہ کار پاکستان کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے فائدہ اٹھائیں۔صدر مملکت نے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر جرمنی کی مسلسل حمایت کو سراہا ۔صدر مملکت نے ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان کی تمام تکنیکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا بھی خیرمقدم کیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ افغانستان ایک سنگین انسانی صورتحال سے دوچار ہے ، بین الاقوامی برادری کو افغانستان کے لوگوں کیلئے انسانی امداد مزید بڑھانے کی فوری ضرورت ہے۔صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان ، بھارت سمیت ، تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ عارف علوی نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل پر منحصر ہے۔