لاڑکانہ( محمد عاشق پٹھان سے)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی و اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کامرس کے چیئرمین خورشید احمد جونیجو کا کہنا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ کے ذریعے اداروں کی کردار کشی کرتے ہوئے سخت زبان استعمال کر کے حکومت اور ادارے پر دباؤ ڈال کر قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں جو نہیں ہونگے، پی ڈی ایم جون جولائی میں انتخابی اصلاحات پر قانون سازی کرتے ہوئے آئینی مدت پوری کرنے کے بعد انتخابات کروائے گی،
ان اصلاحات میں آٹومیٹک ووٹنگ مشین (اے وی ایم) پر بھی قانون سازی کی جا سکتی ہے اور اس میں تبدیلی اور بہتری لا کر استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ کوئی بھی جماعت انتخابات کو ہائی جیک نہ کر پائے، لاڑکانہ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خورشید جونیجو کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پاکستانی اداروں کو کمزور نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ اس سے پاکستان کمزور ہوگا انہیں جن سے شکایت ہے ان سے بیٹھ کر تصفیہ کریں اور بات چیت کے ذریعے معاملات حل کریں بھرے چوراہوں اور جلسوں میں حساس اداروں کے خلاف مہم جوئی خطرناک ہے یہ ہی وجہ ہے کہ ڈی جی آئے کو بھی ادارے کو غیر سیاسی رکھنے کے لیے خود پریس بریفنگ کرنا پڑی،
ایک سوال کے جواب میں ایم این اے خورشید جونیجو کا کہنا تھا کہ سیاست میں دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں آصف زرداری اور پیر سائیں پاگارا کی ممکنہ ملاقات سندھ کے وسیع تر مفاد میں ہے اس سے نہ صرف ترقی ہوگی بلکہ مسائل حل کرنے میں بھی آسانیاں ہونگی، کراچی میں دو نوجوانوں کے بے رحمانہ قتل پر اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید جونیجو کا کہنا تھا کہ واقعہ پر انتہائی افسوس ہے ان واقعات کے نتائج بھیانک ہونگے ملزمان کو سخت سزا دی جانی چاہیے تاہم لسانیت کو ہوا نہ دی جائے ہم اس کے خلاف ہیں پہلے بھی سندھ کا امن امان خراب رہ چکا ہے جس سے بہت نقصان ہوا اب سندھ اس کی متحمل نہیں ہو سکتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ سندھ میں لسانیت پھیلانے والے پاکیٹس کے خلاف سخت ایکشن لیں.