سرینگر ( نیٹ نیوز )
غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں آج اسلام آباد اور پلوامہ اضلاع میں چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
سفاک بھارتی فوجیوں نے تین نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے کھانڈی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔قابض فوجیوں نے اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں ضلع اسلام آباد کے علاقے سیمتھن بیجبہاڑہ میں ایک نوجوان کو شہید کیا۔ قابض حکام نے دونوں علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ۔
آخری اطلاعات آنے تک دونوں علاقوں میں فوجی آپریشن جاری تھے ۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ قابض بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں گزشتہ ماہ اکتوبر کے دوران 14 کشمیریوں کو شہید کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ان میں سے چھ افراد کو جعلی مقابلوں میں اور دورانِ حراست شہید کیا۔