کراچی ( بیورورپورٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عمران خان کے چیلنج کو دل کی گہرائیوں سے قبول کرتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی پہلے سے زیادہ بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی،عمران خان اور پی ٹی آئی کو سندھ کی عوام نے تاریخی شکست دی، آئندہ بھی پی ٹی آئی کو عبرتناک شکست دیں گے۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے عمران خان کے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ ارشد شریف کی موت پورے پاکستان کے لیے صدمہ ہے ۔ارشد شریف کا شمار اچھے صحافیوں میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستان پیپلزپارٹی ارشد شریف کی وفات پر غمزدہ ہے ، افسوس کی بات ہے کہ ارشد شریف کے قتل کو پی ٹی آئی اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے پوچھا جائے کہ عمران خان کو کس نے بتایا تھا کہ ارشد شریف پر حملہ ہونے جا رہا ہے۔عمران خان کے پاس ایسی کون سی گیدڑ سنگھی ہے کہ انھیں پہلے پتہ چل جاتا ہے ،وہ کون لوگ ہیں کہ ہر سانحے سے پہلے عمران خان کو بتا دیتے ہیں کہ وہ کارروائی کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بطور وزیر اعظم موجودگی میں سینئر صحافی ابصار عالم پر اسلام آباد جیسے شہر میں قاتلانہ حملہ ہوا۔ عمران خان اور عارف علوی ابصار عالم کی عیادت تک کرنے نہیں گئے۔