اسلام آباد( اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان اسکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) نے پاک فضائیہ، سرینا ہوٹلز اور کومبیکس اسپورٹس کے اشتراک سے مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں، چیف آف دی ایئر اسٹاف سیرینا ہوٹلز انٹرنیشنل مین اور سیرینا ہوٹلز کومبیکس اسپورٹس انٹرنیشنل ویمن اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد کیا۔ 19 سے 23 اکتوبر 2022 تک کھیلے جانے والے میگا ایونٹ میں جرمنی، سپین، مصر، سنگاپور، آسٹریا، ملائیشیا، سربیا، امریکا، برازیل، ہنگری، انگلینڈ، قطر، جمہوریہ چیک، ایران، کویت اور پاکستان سمیت 16 ممالک کے 48 کھلاڑیوں نے خواتین اور مردوں کے مقابلوں میں حصہ لیا۔
مردوں اور خواتین کے مقابلوں کے فائنل آج کھیلے گئے۔ ائیر مارشل محمد زاہد محمود، وائس چیف آف دی ائیر سٹاف نے بطور مہمان خصوصی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور فائنلسٹ میں ٹرافیاں اور انعامی رقوم تقسیم کیں۔ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرنے پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مہمان خصوصی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ اور پی ایس ایف، باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کو عالمی اسکواش میں دوبارہ اپنا وقار بحال کرنے میں بھرپور کوششیں کرتے رہیں گے۔
خواتین کا فائنل مصر سے تعلق رکھنے والی ملاک خفگی اور فیروز ابو الخیر کے درمیان کھیلا گیا، جس میں فیروز ابو الخیر نے ملاک خفگی کو 37 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں 3-2 (11-6، 10-12، 11-14، 6-11 اور 12-10) کے گیم سکور سے شکست دی۔ جبکہ مردوں کا فائنل دونوں مصری کھلاڑیوں مصطفیٰ السیرتی اور محمد الشربینی کے درمیان کھیلا گیا جس میں مصطفیٰ السرتی نے محمد الشربینی کو 49 منٹوں تک جاری رہنے والے مقابلے میں 3-1 (4-11،11-5، 11-7 اور 11-8) کے گیم سکور سے شکست دی اور فتح اپنے نام کی۔
پاک فضائیہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کرکے قومی تشخص کے فروغ میں باقاعدگی سے اپنا حصہ ڈالتی رہی ہے۔ اس میگا ایونٹ کی کامیاب میزبانی اس بات کی واضح دلیل ہے کہ پاکستان کھیلوں سے لگاؤ رکھنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سپورٹس کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے ایک پرامن ملک ہے۔