کراچی ( بیورورپورٹ) وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے ہفتہ کو وزیراعلی ہاﺅس میں ملاقات کی۔ وزیراعلی سندھ نے سیلاب متاثرین کی مدد پر یو اے ای کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر علاقوں سے پانی کی نکاسی مکمل کی جاچکی ہے جبکہ کچھ علاقوں سے پانی پمپنگ مشینوں کے ذریعے نکلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ گندم کی فصل کے لیے زمین تیار کریں تاکہ آئندہ سال گندم کی قلت سے بچا جاسکے۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یوکرین جنگ کی وجہ سے خطے میں غذائی قلت کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے اس لیے ہماری پوری کوشش ہے کہ گندم کی کاشت کو میسر طریقے سے عمل میں لائیں ۔ یو اے ای سفیر نے کہا کہ پاکستان سے ہمارے تعلقات برادارنہ ہیں اور ہم ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ متاثرین کے گھر جلد سے جلد تعمیر کیے جائیں تاکہ انہیں خوشی خوشی ان کے گھروں کو منتقل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں متاثرین کی تکالیف کا پوری طرح احساس ہے اور ہم ان کی بحالی کے لیے ہر موثر اقدامات اٹھارہے ہیں اور انہیں غذائی اجناس کی فراہمی کے حوالے سے سندھ حکومت بھرپور کوشش کررہی ہے۔