سرینگر ( نیٹ نیوز)
بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے سرینگر کے ہوائی اڈے پر فوج اتار کر جموں و کشمیر پر کشمیریوں کی مرضی کے خلاف قبضہ جما لیا تھا
دیواروں ، عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ اور وارثین شہداء کی جانب سے آویزاں کیے گئے پوسٹرز میں کہا گیا ہے کہ کشمیری غیرقانونی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے پابند ہیں۔پوسٹروں میں 27 اکتوبر 1947ء کو جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا گیا ہے۔پوسٹروں میں بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارتی بی جے پی-آر ایس ایس حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔