نئی دہلی( نیٹ نیوز ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما شہید الطاف احمد شاہ کی نئی دلی کی تہاڑ جیل غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غائبانہ نماز جنازہ میں جیل میں غیرقانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک ، نعیم احمد خان ، محمد ایاز اکبر ، راجہ معراج الدین کلوال ، پیر سیف اللہ فاروق احمد ڈار اور شاہد الاسلام اور دیگر شامل تھے۔
انہوں نے حق خودارادیت کی جاری تحریک میں شہید رہنما کے کردار اور قربانیوں پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
الطاف احمد شاہ 2017ء میں گرفتاری کے بعد سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند تھے۔ وہ تحریک آزادی کشمیر کے قائد شہید سید علی گیلانی کے داماد تھے۔ دورانِ حراست الطاف احمد شاہ کو گردوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی جو آخری سٹیج پر تھا۔ الطاف احمد شاہ پیر کی شب نئی دلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہسپتال میں انتقال کرگئے۔
تہاڑ جیل میں غیرقانونی طور پر نظربند حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کو بدترین غیرانسانی رویے اور سیاسی انتقام کا سامنا ہے۔الطاف احمد شاہ کی دورانِ حراست شہادت ان خطرناک ہتھکنڈوں کو واضح کرتی ہے جو مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کشمیر کی جائز سیاسی آوازوں کو ختم کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے ۔ جیل میں بند حریت رہنماﺅں کو طبی و دیگر بنیادی سہولیات میسر نہیں جس کی وجہ سے وہ پیچیدہ امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کشمیری سیاسی نظربندوں کو جیلوں میں طبی اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا ایک خطرناک سیاسی انتقام ہے جسکا بھارتی حکومت ارتکاب کر رہی ہے۔