کراچی(نمائندہ خصوصی) ضمنی الیکشن میں کراچی کے دونوں حلقوں این اے 237اور این اے 239 پر اتوار کوسخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے، الیکشن کمیشن نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں انتخابی مہم 14اکتوبر کی رات بارہ بجے ختم ہوجائے گی ،پولنگ عملے کو پولنگ کا سامان 15اکتوبر کی شام پولیس کی نگرانی میں دے دیا جائے گا،این اے 237ملیر پر پی ٹی آئی اور پی پی پی کے درمیان جبکہ این اے 239 پر پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم، ٹی ایل پی اور مہاجر قومی موومنٹ کےد رمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، این اے 237پر گیارہ امیدوار میدان میں ہے جن میں پی ٹی آئی کے عمران خان نیازی
پی پی پی کے حکیم بلوچ،ٹی ایل پی کے سمیع اللہ خان پی ایس پی کے عامر شیخانی جے یو آئی کے محمد اسماعیل کے علاوہ 6آزاد امیدوار مقابلے میں ہیں اس حلقے میں ووٹرز کی تعداد2لاکھ 94ہزار 699ہے، ایک سو 94 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں 748 پولنگ بوتھ، این اے 239میں 22امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جن میں پی ٹی آئی کے عمران خان نیازی، ایم کیو ایم پاکستان کے نئیر علی، مہاجر قومی موومنٹ کے خرم منصور، پی پی پی کے عمران حیدر عابدی، پی ایم اے کے قیصر اقبال میوہ ،جے یو آئی کے محمد رمضان، ٹی ایل پی کے محمد یاسین، پی ایس پی کے شارق جمیل
جبکہ 14آزاد امیدوار میدان میں ہیں اس حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 5لاکھ81 ہزار888ہے، 330پولنگ اسٹیشنوں میں ایک ہزار 320پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں، پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے بعد یہاں ضمنی الیکشن ہو رہا ہے۔