کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے صدر محمد عاطف حاجی حنیف بلو نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تمام تر دعوے کے باوجود ادویات اور روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ بچوں کے پیمپرز تک کی قیمتوں میں یکمشت 20 سے 50 روپے کا اضافہ کرکے اب اس کو بھی عام عوام کی پہنچ سے دور کردیا گیا ہے۔ ملک میں ادویات اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ اس ملک میں ان پر نظر رکھنے والا کوئی نہیں رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ہول سیل مارکیٹوں کے صدور و دیگر عہدیدار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ محمد عاطف بلو نے کہا کہ بونا پاپا نامی پیمپرز بنانے والی کمپنی سمیت دیگر کمپنیوں نے اچانک من مانے طور پر قیمتوں میں 20 سے 50 روپے تک کا اضافہ کردیا اور اس کا کوئی جواز ان کے پاس موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادویات اور دیگر ضروریات کی اشیاء ، تیل، گھی، چائے کی پتی سمیت دیگر اشیاء بنانے والی کمپنیاں شاید حکومت کی جانب سے ان پر کوئی نظر رکھنے والا نہ ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے نظر آتے ہیں۔ محمد عاطف بلو نے کہا کہ ادویات ساز کمپنیوں نے سینکڑوں وہ ادویات جو جان بچانے کے کئے لازمی ہیں ان کی مارکیٹ میں سپلائی روک دی ہے اور یہ ادویات اب عوام بلیک میں مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ محمد عاطف بلو نے وفاقی و صوبائی حکومت سے فوری طور پر قیمتوں میں من مانے کئے جانے والے اضافے کا نوٹس لینے اور ادویات کی مارکیٹوں میں مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔