سرینگر( مانیٹرنگ ڈیسک)
غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں 5 اکتوبر کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے سے قبل بارہمولہ میں نام نہاد سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علاقے میں قابض بھارتی پیراملٹری اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور ضلع میں متعدد مقامات پر گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے گزشتہ ہفتے ضلع کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سول اور پولیس افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کی۔دریں اثناء ضلع میں خاص طور پر سوپور قصبے میں بھارتیہ جنتا پارٹی پہلی بار انتہائی سرگرم ہے اور بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی ریلی میں شرکت کے لیے مسلسل لوگوں کو ترغیب و ترہیب دے رہی ہے۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ امیت شاہ 5 اکتوبر کو بارہمولہ کا دورہ کرنے اور وہاں ایک ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔