کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام ہفتے کو وائلڈ وینچر واٹرپارک میں پکنک کا اہتمام کیا گیا ،جس میں ممبران کی بڑی تعداد اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی ۔اس موقع پر بچوں اور بڑوں نے واٹرپارک میں بھرپور تفریحی سرگرمیاں کیں ۔نوجوانوں نے پانی میں چھلانگیں لگائیںاور ٹھنڈک کے مزے لیے ،کوئی تیراکی کے جوہر دکھاتا رہا تو کوئی لانگ سلائڈ سے لطف اندوز ہوا۔کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کی انواع اقسام کے کھانوں سے تواضع بھی کی گئی ۔پکنک کے موقع پر کراچی پریس کلب کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے تھے ۔مختلف امور کے لیے قیام عمل میں آنے والی کمیٹیوں نے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دیئے ۔
پکنک میں شریک صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے وائلڈ وینچر پارک میں تفریح سے بھرپور دن گذارا اور بہترین انتظامات کرنے پر کراچی پریس کلب کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا ۔صحافیوں نے کہا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیاں ان کے لیے تازہ ہوا کے جھونکے کی طرح ہیں ۔پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے باعث وہ اکثر ایسی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہوسکتے ہیں ۔کراچی پریس کلب نے ہمیں اپنے اہل خانہ کے ساتھ اس پروگرام میں شریک کرکے قیمتی لمحات مہیا کیے ہیں ۔کراچی پریس کلب کےصدر فاضل جمیلی اور سیکرٹری محمدرضوان بھٹی نے کہا کہ اپنے ممبران کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد ہمارا خاصہ رہا ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ ممبران کو تفریحی سرگرمیاں میسر آئیں تاکہ وہ تازہ دم ہو کر اپنے پیشہ وارانہ فرائض انجام دے سکیں ۔
انہوں نے پکنک کے انتظامات کے لیے قائم کی گئی کمیٹیوں کے ارکان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کمیٹیوں نے انتہائی دلجمعی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور تمام امور انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ انجام پائے ۔آج اپنے ممبران اور ان کے اہل خانہ کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہورہی ہے ۔کراچی پریس کلب کی جانب سے آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہیں گی ۔وائلڈ وینچر پارک کے اونر قادر بخش کلمتی اور ان کے صاحبزادے شاہ میر کلمتی نے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکرٹری محمدرضوان بھٹی کو سندھی ٹوپی اور اجرک سمیت گورننگ باڈی کے ارکان کو تحائف بھی پیش کیئے۔اس موقع پرقادربخش کلمتی اور ان کے صاحبزادے شاہ میر کلمتی نے کہا کہ ہم کراچی پریس کلب کے ممران اور ان کے اہل خانہ کو وائلدوینچرواٹرپارک میں خوش آمدید کہتے ہیں،یہ ہمارے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ ملک کے سب سے بڑے پریس کلب کے ممبران نے ہمارے پارک کو رونق بخشی ۔
صحافی اس ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کی میزبانی ہمارے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ۔ قادر بخش کلمتی نے کہا کہ کراچی ایک پر امن اور محبت کرنے والوں کا شہر ہے۔ وائلڈ وینچر واٹر پارک ان شااللہ نہ صرف لوگوں کو معیاری تفریحی فراہم کرے گا بلکہ کراچی کا امیج بھی بہتر بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرمایہ کاری کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کا نام بلند ہو۔ پکنک کے موقع پر پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری اسلم خان، خازن عبدالوحید راجپر،ممبر گورننگ باڈی خلیل ناصر،شازیہ حسن،اطہر حسین، نبیل اختر،لیاقت مغل ،موناخان، سابق صدور امتیازخان فاران، سراج احمد، ہمایوں عزیز ، موسی کلیم ،ثاقب صغیر، سعید سربازی،میاں طارق جاوید ،طارق ابوالحسن، عارف بلوچ، نصراللہ چوہدری سمیت سینئر صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی