اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)حکومت نے ڈیٹا چوری ہونے کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر کابینہ پورٹل کی سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے 150 نئے اسمارٹ اور جدید ٹیبلٹس خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کابینہ کارروائی کا ڈیٹا چوری ہونے کے ممکنہ خطرات سے بچاؤ کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابقہ دور میں کابینہ ارکان کیلئے خریدے گئے 150ٹیبلٹس کامعیار اور حجم نا مناسب قرار دے دیا گیا۔حکومت نے کابینہ پورٹل کی سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے 150 نئے اسمارٹ اور جدید ٹیبلٹس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ارکان،سیکریٹریز،وزیراعظم آفس،کابینہ ڈویژن اسٹاف کیلئے نئے ٹیبلٹس خریدےجائیں گے۔مشینری اور آلات پر عائد پابندی میں نرمی کرکے نئے ٹیبلیٹس خریدنے کی تجویز دی گئی ہے ، سمری منظوری کےلئے ای سی سی میں پیش کی جائے گی خیال رہے سابقہ دور میں کابینہ کی کارروائی کو آٹومیٹڈ کرنے کا عمل شروع کیا گیا تھا۔یہ پیشرفت وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) سے کئی آڈیو ریکارڈنگ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں اہم حکومتی شخصیات کے درمیان واضح گفتگو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اہم حکومتی شخصیات کے درمیان ہونے والی گفتگو کی آڈیو لیک ہونے کو ’سنگین سیکیورٹی لیپس‘ قرار دیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا۔