کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر کے متعدد رہائشی علاقوں میں تجارتی تعمیرات و سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے اور عدالت کے واضح احکامات کے باجود ناجائز تعمیرات کا سلسلہ نہ صرف جاری ہے بلکہ بارشیں رکنے کے بعد ان میں تیزی آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس بی سی اے کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کے باوجود رہائشی علاقے جمشید کوارٹرز میں پلاٹ نمبر جے ایم 711/9 جمشید روڈ نمبر 2 فاطمہ جناح کالونی یونین کونسل نمبر 14 میں کمرشل سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس پلاٹ پر اسکول کا کچن اور ہوٹل کھولا جا رہا ہے۔
سماجی شخصیت رضوان ایدھی ،ہارون قریشی،،عدنان قریشی کے مطابق اہل محلہ نے ڈائریکٹر ایس بی سی اے جلیس صدیقی کے نام یاد دہنای کی درخواست میں کہا ہے کہ اہل محلہ نے ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو سے ملاقات کرکے انہیں تمام معاملات سے آگاہ کردیا تھا۔ڈی جی ایس بی سی اے نے وفد کو تجارتی سرگرمیاں روکنے کی یقین دہانی بھی کرائی تھی اور ان کی ہدایت پر حسیب نامی افسر نے علاقے کا دورہ بھی کیا تھا۔اہل محلہ کے مطابق مذکورہ رہائشی پلاٹ پر کمرشل سرگرمیاں تاحال جاری ہیں،ا سکول کا بورڈ بھی لگا دیا گیا ہے۔ اہل محلہ نے ڈی جی ایس بی سی اے اور عدالت عالیہ سے اپیل کی ہے کہ قانون کی رٹ قائم کی جائے ،
پلاٹ نمبر 711/9 پر کمرشل سرگرمیاں بند کرائی جائیں۔ ایس بی سی اے کی جانب سے جمع کرائی جانے والی رپورٹ پر ایکشن سے اہل محلہ کو آگاہ کیا جائے۔رضوان ایدھی نے تازہ صورتحال سے چیف سیکریٹری سندھ،وزیر بلدیات اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ دریں اثناء اس حوالے سے ای بی سی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اہل محلہ کی درخواست کو فوری کارروائی کی جاتی ہے۔کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات کی اطلاع ایس بی سی سے کو لازمی کی جائے۔