کراچی ( بیورورپورٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے عمران نیازی کے لانگ مارچ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی ملک میں افراتفری کی سازشیں کر رہے ہیں ۔ان کا مقصد ریاستی اداروں کو دباؤ میں ڈال کر یرغمال بنانا ہے ۔ عمران نیازی قوم کو یرغمال بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران نیازی کی پاکستان میں نہ پہلے دلچسپی تھی نہ اب ہے۔ ان کو اپنے اقتدار سے دلچسپی ہے ، چاہتے ہیں کہ اقتدار کی کرسی سے چپٹے رہیں اور ان کو قوم پر دوبارہ تھوپا جائے اور ہر بار ان کو پیرا چھوٹ سے اتارا جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ وہ انتخابی اصلاحات سے کیوں بھاگنا چاہتے ہیں۔ وہ کیوں نہیں چاہتے کہ الیکشن ریفارمز ہوں۔ شرجیل میمن نے واضح کیا کہ وہ بھی چاہتے ہیں کہ انتخابات ہوں ، لیکن اس سے قبل الیکشن ریفارمز ضروری ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی اداروں کو ڈکٹیٹ کرنا چاہتے ہیں ۔ 15 دن پہلے کہتے تھے ادارے نیوٹرل نہیں ہونے چاہئیں ، آج کہہ رہے ہیں کہ ادارے نیوٹرل ہونے چاہئیں ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کچھ بھی ہو جائے حکومت عمران نیازی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی ۔