لورالائی(نمائندہ خصوصی )
ایف سی ٹریننگ سنٹر لورالائی میں 66 بیج فیز۔1 کے ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا- تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ تھے-
1140ریکروٹس اپنی ٹریننگ مکمل کرکے پاس آؤٹ ہوئے – آج کی تقریب فرنٹئر کور میں اِس لحاظ سے اہمیت کی حامل ہے کہ آج پاس آوٹ ہونے والے تمام ریکروٹس کا تعلق صوبہِ بلوچستان سے ہے جس کا مقصد ناصرف بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرکے طاقتور بنانا ہے بلکہ آنے والی نئی نسلوں کے مستقبل کو بھی محفوظ بنانا ہے۔
مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والےتمام ریکروٹس اور ان کے خاندانوں کو مبارک باد پیش کی اور ان کی ذمہ داریوں کو دوسرے ریکروٹس کی نسبت زیادہ اہم قرار دیا۔ مہمان خصوصی نےکہا کہ اب ان کی ذمہ داری ہے کہ یہ پاکستان اور ایف سی کے جھنڈوں کو شاندار بلوچ روایات کے مطابق سر بلند رکھیں۔
مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ پوری قوم کی امیدیں آپ سے وابستہ ہیں اور آپ ان امیددوں پر تب پورا اتریں گےجب آپ کی کاکردگی شاندار ہو ۔ پاکستان کی سول آرمڈ فورسز عسکری تربیت اور جنگی تقاضوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور ہر چیلنج سے نبٹنے کے لئے تیار ہیں۔ فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) نے ہر قسم کے حالات کا سامنا انتہائی پروفیشنل طریقے سے کیا ہے۔ آپ سب پر لازم ہےکہ آپ بغیر کسی خوف کے اپنی ذمہ داری ادا کریں ۔
آئی جی ایف سی نے بلوچستان میں قیام امن کے لیےدی گئی شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ شہداء کو قوم کی بقاء قرار دیا ۔
آخر میں مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ 66 بیج ریکروٹس فیز۔1میں فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ عبدالرزاق جن کا تعلق ضلع موسی خیل سے ہے، کو آئی جی ایف سی کی اعزازی چھڑی سے نوازا گیا جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ریکروٹ محمد فہیم جن کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے، کو آئی جی ایف سی میڈل سے نوازا گیا۔