راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپان کے سفیر محترم مسٹر واڈا مٹسوہیرو نے آج جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور انسانی ہمدردی کے اقدامات میں تعاون/شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی او اے ایس نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں جاپان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
سفیر نے پاکستان میں جاری سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے جاپان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمارے عالمی شراکت داروں کی مدد متاثرین کی بحالی میں اہم ہوگی۔